21 مئی ، 2024
کرغزستان سے 2 پروازوں سے مزید 347 طلبا اسلام آباد پہنچ گئے۔
کرغزستان سے مجموعمی طور پر اب تک 5 پروازوں پر اسلام آباد پہنچنے والے طلبا کی تعداد 810 ہو گئی ہے۔
ائیر پورٹ پر والدین اور رشتے داروں نے طلبہ کا خیر مقدم کیا جبکہ واپس آنے والوں نے خود پر ہونے والے مظالم بیان کیے اور پاکستانی سفارتخانے کے خلاف شکایات کے انبار لگادیے۔
انہوں نے بتایا کہ کرغزستان میں پاکستانی ورکر بھی محصور ہیں ۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کرغزستان میں پھنسے 95 بلوچ طلبہ کی ہنگامی واپسی کا حکم دیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر ہوائی جہاز طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں 13 مئی کو بودیونی کے ہاسٹل میں مقامی اور غیرملکی طلبہ میں لڑائی ہوئی تھی، جھگڑے میں ملوث 3 غیرملکیوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔
کرغز میڈیا کے مطابق 17مئی کی شام چوئی کرمنجان دتکا کے علاقے میں مقامیوں نے احتجاج کیا، مقامی افراد نے جھگڑے میں ملوث غیرملکیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، بشکیک سٹی داخلی امور ڈائرکٹریٹ کے سربراہ نے مظاہرہ ختم کرنے کی درخواست کی۔
مقامی میڈیا کے مطابق حراست میں لیے گئے غیرملکیوں نے بعد میں معافی بھی مانگی لیکن مظاہرین نے منتشر ہونے سے انکار کیا اور وہ مزید تعداد میں جمع ہوگئے، پبلک آرڈر کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔
کرغز میڈیا کے مطابق وفاقی پولیس کے سربراہ سے مذاکرات کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے تھے۔