کھیل

پی ایف ایف کی فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر نیوٹرل وینیو سے بچانے کیلئے کوششیں

پی ایف ایف کی فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر نیوٹرل وینیو سے بچانے کیلئے کوششیں
فوٹو: فائل

پاکستان فٹبال فیڈریشن ( پی ایف ایف) نے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر نیوٹرل وینیو سے بچانے کیلئے کوششیں شروع کر دیں۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 6 جون کو شیڈول فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میچ کو 5 بجے شروع کرنے کی تجویز پر اے ایف سی سے بات چیت شروع کردی ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر کا ہوم میچ 6 جون کو اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں ہونا ہے تاہم جناح اسٹیڈیم میں تاخیر سے لگنے والی نئی فلڈ لائٹس بھی فیفا معیار کے مطابق نہیں ۔

پی ایف ایف کی جانب سے کرائی گئی ٹیسٹنگ کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فیلڈ پر لائٹس کی لکس غیر متوازی ہے جبکہ گول پوسٹس پر بھی روشنی ناکافی ہے ۔

اس تازہ پیش رفت کے بعد اس بات کے خدشات بھی پیدا ہوگئے تھے کہ میچ نیوٹرل وینیو پر شفٹ ہوجائے لیکن پی ایف ایف نے میچ کو نیوٹرل وینیو پر لے جانے کی بجائے اے ایف سی سے نئی تجویز پر بات چیت شروع کردی ہے ۔

ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے اے ایف سی سے اس آپشن پر بات چیت ہوئی ہے کہ میچ کو پہلے سے طے شدہ وقت 8 بج کر 30 منٹ کی بجائے پانچ بجے شروع کیا جائے ۔

شام کا وقت ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت بھی کم ہوجائے گی اور میچ قدرتی روشنی میں مکمل ہوجائے گا ۔

پی ایف ایف کا اس گفتگو کے دوران مؤقف ہے کہ 6 جون کو سورج غروب ہونے کا وقت 7 بج کر 21 منٹ ہے جبکہ میچ 7 بجے تک مکمل کیا جاسکتا ہے ۔

ذرائع کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کو میچ کے ٹائمنگ پر اگلے ایک دو روز میں معاملات فائنل کرنا ہیں۔ 

دوسری جانب پی ایس بی نے پی ایف ایف سے کہا ہے کہ وہ گول پوسٹ کے اطراف میں چار لائٹس ٹاوور لگا دے گا ۔

ماضی میں پی ایف ایف نے لائٹس کی کمی کی وجہ سے میچ ڈھائی بجے شروع کیے تھے لیکن جون کی شدید گرمی میں ایسا ممکن نہیں ہوگا یہی وجہ ہے کہ پی ایف ایف نے پہلے میچ رات میں کرانے کی کوشش کی اور اب اس کی کوشش ہے کہ میچ شام کے وقت شروع کیا جائے۔

مزید خبریں :