03 فروری ، 2013
حیدر آباد … وفاقی وزیر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت انتخابات کیلئے تیار ہے، پارٹی کی حکومت رہے نہ رہے لیکن جمہوریت کا تسلسل ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات حیدرآباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما اور کارکنان کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار کی منتقلی اور جمہوریت کا تسلسل اہم اقدامات ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت انتخابات کیلئے تیار ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ہماری حکومت رہے نہ رہے جمہوریت کا تسلسل اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کو پنجاب تقسیم کرنے کا کوئی شوق نہیں، صوبوں کا کمیشن سرائیکی صوبے کی بات کر رہا ہے جس کے پیچھے طویل جدوجہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ہر طرح کی قانون سازی میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔ اسلام آباد میں دیا جانے والا دھرنا جمہوریت کے خلاف سازش تھا تو ن لیگ کا دھرنا جمہوریت کے حق میں کیسے ہوسکتا ہے،پیپلز پارٹی نے سپریم کور ٹ کے تمام فیصلوں کا احترام کیا ہے۔