03 فروری ، 2013
جدہ … مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنے کیلئے پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا ہوگا، حکومت ووٹ کے ذریعے آنی اور ووٹ کے ذریعے جانی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمرے کی ادائیگی اور روضئہ رسول ﷺ پر حاضری کے بعد جدہ میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے تبادلہٴ خیال میں کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت ماحول بن رہا ہے اور الیکشن وقت پر ہوں گے، صوبوں کی تقسیم کا شوشہ چھوڑ کے حکومت الیکشن سے عوامی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے اور یہ دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کارگل کے بارے میں صرف 4 افراد کو علم تھا جن میں جنرل پرویز مشرف، جنرل عبدالعزیز، کور کمانڈر جنرل محمود اور جنرل جاوید حسن شامل تھے، خطے کے امن کیلئے ضروری ہے کہ پاک ہند تعلقات کو فروغ دیا جائے اور مسئلہ کشمیر کا پر امن حل تلاش کیا جائے۔ نواز شریف نے مسلم لیگی کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ برسر اقتدار آکر ترجیحی بنیادوں پر لوڈ شیڈنگ،پی آئی اے، بلٹ ٹرین منصوبہ ، کراچی اور بلوچستان میں امن جیسے مسائل حل کریں گے اور ڈرون حملوں کے خلاف عملی اقدامات کئے جائیں گے ۔