05 جون ، 2024
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں زیر استعمال نیویارک اسٹیڈیم کی پچ پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔
انگلینڈ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ کرکٹ کے کھیل کو امریکا میں متعارف کروانا اچھا ہے لیکن کھلاڑیوں کا اس غیر معیاری پچ پر کھیلنا ناقابل قبول ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر نے بھی ایکس پر لکھا کہ نیویارک کی پچ بہت خراب ہے۔
خیال رہےکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آج نیویارک کے نساؤ اسٹیڈیم میں بھارت اور آئرلینڈ کے درمیان میچ ہوا جس میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 16 اوورز میں 96 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
آئرلینڈ کا 97 رنز کا ہدف بھارت نے با آسانی 12.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
واضح رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 20 ٹیمیں ایکشن میں ہیں، 9 وینیوز پر مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گا جبکہ پاک بھارت ٹاکرا 9 جون کو ہوگا۔