Time 14 جون ، 2024
پاکستان

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت میں 4گواہان کے بیانات ریکارڈ، ایک پر جرح مکمل

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت میں 4گواہان کے بیانات ریکارڈ، ایک پر جرح مکمل
فوٹو: فائل

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت میں نیب کے 4 گواہان کے بیانات ریکارڈ ہوئے اور ایک پر جرح مکمل کرلی گئی۔ 

احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی جس میں  بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت میں نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔ 

عدالت نے سماعت 21 جون تک ملتوی کرتے ہوئے مزید گواہان کو طلب کرلیا۔

سماعت میں رہنما مسلم لیگ (ن) بیرسٹر دانیال چوہدری بھی شریک ہوئے، عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  آج بطور وکیل جیل میں ٹرائل کی سماعت دیکھنے آیا تھا، یہاں دیکھا ان کو ہر قسم کی سہولیات دی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شفاف ٹرائل کے ذریعے ان کے سارے کرتوت سامنے لائے جائیں گے، جیل ٹرائل کا مشاہدہ کرنے کے لیے ہماری کسی نے ڈیوٹی نہیں لگائی، ہم نے میاں نواز شریف کا ٹرائل بھی یہاں دیکھا۔

مزید خبریں :