06 فروری ، 2013
لاہور… مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت قرضوں کی حد عبور کرچکی ہے، گورنراسٹیٹ بینک مزید قرضوں کے اجراء پر پابندی لگائیں۔لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان الیکشن ملتوی کروانا چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کا مطالبہ مان بھی لیا جائے تو کیا 15روز میں بننے والا نیا الیکشن کمیشن صحیح کام کر سکے گا!انہوں نے کہا کہ عمران خان الیکشن نتائج تسلیم کرنے کی تحریری یقین دہانی کرا دیں تو انہیں نگراں وزیراعظم بنا نے کیلئے اپنی پارٹی کوقائل کرنے کی کوشش کروں گا۔ احسن اقبال کا کہناتھاکہ یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ طاہرالقادری اورعمران خان کس کی زبان بول رہے ہیں۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انتخاباب ملتوی ہونے کا فائدہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو ہو گا ،تمام قوتیں نون لیگ سے خوفزدہ ہیں ، اس لئے ان کی توپوں کا رخ بھی اسی کی طرف ہے ۔