Time 24 جون ، 2024
پاکستان

اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا ٹربیونل تبدیلی کا آرڈر معطل کر دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا ٹربیونل تبدیلی کا آرڈر معطل کر دیا
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ن لیگی امیدوار انجم عقیل خان کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کردیا: فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا اسلام آباد کے  ٹربیونل کی تبدیلی کا  آرڈر  معطل کر دیا۔ 

الیکشن ٹربیونل کی تبدیلی کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی، سماعت میں مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی انجم عقیل،  ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور فریقین کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔ 

عدالت نے انجم عقیل سے سوال کیا کہ آپ نے جو بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کرایا اس میں جو لکھا ہے وہ سچ ہے؟ انجم عقیل خان عدالتی استفسار  پر درخواست میں استعمال الفاظ کی وضاحت ناکر سکے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے پوچھا  آپ کو سمجھانا ہے کہ nepotism کیا ہوتا ہے، مجھے اس کامطلب سمجھائیں؟ اس پر  انجم عقیل نے کہا کہ یہ لیگل الفاظ ہیں، میں عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لیتا ہوں، جس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا ‏Nepotism لیگل لفظ بالکل بھی نہیں، کیا آپ نے پڑھے بغیر بیان حلفی پر دستخط کر دیئے؟ اس پر انجم عقیل نے جواب دیا کہ جی میں نے بیان حلفی پر بغیر  پڑھےدستخط کیے۔

چیف جسٹس نے  استفسار کیا آپ نے درخواست دی ہے جج صاحب جانبدار تھے توبتائیں وہ کیسے جانبدار تھے؟ آپ کی وہ سفارش نہیں مان رہے تھے کیا اس لیے آپ انہیں تبدیل کرانا چاہتے تھے؟ اس پر انجم عقیل نے جواب دیا میں نے سفارش نہیں کی مگر میں معذرت خواہ ہوں میں نے کیس ٹرانسفر کرانےکے لیے درخواست دی تھی۔

عدالت نے کہا آپ کہہ رہے ہیں غلط آرڈر کیا تھا تو آپ سپریم کورٹ چلے جاتے مگر  آپ نے  یہ زبان جان بوجھ کر استعمال کی ہے، اس پر  ن لیگی امیدوار  انجم عقیل نے کہا کہ ان الفاظ پر میں معافی مانگتا ہوں۔

دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے  ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے سوال کیا آپ اس آرڈیننس کا کیسے دفاع کریں گے؟  کون سا آسمان گرنے لگا تھاکہ قائم مقام صدر سے راتوں رات آرڈیننس جاری کروا دیا؟ پارلیمنٹ کو ختم کر دیتے ہیں اورآرڈیننس کے ذریعےحکومت چلوا لیتے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ آپ لوگوں نے آرڈیننس کی فیکٹری لگا رکھی ہے، ایک واہ فیکٹری ہے اور دوسری آرڈیننس فیکٹری ہے۔ 

عدالت نے انجم عقیل خان کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ہر سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کیس کی  مزید سماعت 9 جولائی تک ملتوی کردی۔  

یاد رہے  پی ٹی آئی رہنما علی بخاری اور دیگر نے الیکشن ٹربیونلز کی تبدیلی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ 

مزید خبریں :