30 جون ، 2024
لندن: برطانیہ میں غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں کمی سے یونیورسٹیوں کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یارکشائر کی 10 بڑی یونیورسٹیوں میں سے 4 خسارے میں چلی گئی ہیں جبکہ کچھ یونیورسٹیز کو عملے اورکورسز کی تعداد کم کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
ایک سروے کے مطابق برطانیہ میں سال 2024 کے کیلئے اعلیٰ تعلیم (پوسٹ گریجوایشن) کی درخواستیں دینے والے غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں 27 فیصد کمی آئی ہے۔
برطانوی میڈیا کا بتانا ہے کہ امیگریشن قوانین میں سختی کی وجہ سے غیر ملکی طلبا کی تعداد میں کمی آئی ہے، گزشتہ سال برطانوی حکومت کی جانب سے برطانیہ میں آنیوالوں کی تعداد کم کرنے کیلئے قوانین مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
برطانوی وزیر داخلہ جیمز کلیورلی نے پارلیمنٹ میں نئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والے ہنر مندوں کو والدین اور بچے لانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔