Time 30 جون ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

گرم موسم کیلئے اے سی کا مثالی درجہ حرارت جو ٹھنڈک کے ساتھ بجلی کے بل میں کمی لائے

گرم موسم کیلئے اے سی کا مثالی درجہ حرارت جو ٹھنڈک کے ساتھ بجلی کے بل میں کمی لائے
اے سی کا استعمال اب بہت زیادہ ہو رہا ہے / فائل فوٹو

شدید گرم موسم میں خود کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ائیر کنڈیشنر (اے سی) استعمال کر رہے ہیں؟ تو تھرمو اسٹیٹ کو نظرانداز مت کریں۔

جب بھی آپ گھر کے اے سی کے تھرمو اسٹیٹ کو استعمال کرکے درجہ حرارت کم کرتے ہیں تو بجلی کے اضافی اخراجات کا سامنا بھی ہوتا ہے۔

یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اے سی کے استعمال سے بل میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔

تو اگر آپ اے سی استعمال کرتے ہوئے بھی بجلی کے بل کو کسی حد تک کم رکھنا چاہتے ہیں تو ضروری ہے کہ اے سی کے ایک مخصوص درجہ حرارت پر استعمال کریں۔

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر موسم گرما کے لیے اے سی کا ایک مخصوص درجہ حرارت بجلی کے بل میں بچت کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

تو موسم گرما میں اے سی کا بہترین درجہ حرارت کیا ہے؟

امریکی محکمہ توانائی کے مطابق موسم گرما میں خود کو ٹھنڈا رکھنے کے ساتھ ساتھ بجلی کے بل میں کمی لانے کے لیے اے سی کے درجہ حرارت کو ہر ممکن حد تک زیادہ رکھیں۔

یو ایس انوائرمنٹل پروٹیکیشن ایجنسی اور امریکی محکمہ توانائی کے مطابق دن کے اوقات میں گھروں کے اندر اے سی کا درجہ حرارت 26 سینٹی گریڈ رکھنا بہترین ہوتا ہے۔

اسی طرح رات کو سوتے وقت اے سی کو 28 ڈگری سینٹی گریڈ پر چلانا بہترین ہوتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچت ہو سکے۔

ماہرین کے مطابق اے سی کو روزانہ 8 گھنٹے تک باہر کے درجہ حرارت سے 7 سے 10 ڈگری کم پر چلانے سے سالانہ بنیادوں پر بجلی کے بل میں 10 فیصد تک کمی آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں میں یہ غلط فہمی عام ہے کہ اے سی کو 16 یا 18 ڈگری پر چلانے سے گھر زیادہ تیزی سے ٹھنڈا ہوتا ہے۔

مگر ایسا نہیں ہوتا بلکہ اس کے نتیجے بجلی کے بل میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے۔

اس کے مقابلے میں گرم موسم میں اے سی کو زیادہ درجہ حرارت پر چلانے سے گھر میں گرمی کی شدت نمایاں حد تک گھٹ جاتی ہے جس سے بجلی کے بل میں کمی آتی ہے۔

مزید خبریں :