Time 01 جولائی ، 2024
پاکستان

خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 9 دہشتگرد مارے گئے

خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 9 دہشتگرد مارے گئے
خیبر کے علاقے تیراہ اور لکی مروت میں آپریشنز کیے گئے، دہشت گرد کمانڈر نجیب عرف عبدالرحمان اور اشفاق عرف معاویہ بھی مارے گئے: آئی ایس پی آر— فوٹو: آئی ایس پی آر

خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی 2 الگ کارروائیوں میں 9 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر کے علاقے تیراہ میں سکیورٹی فورسز نے  خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر  کا کہنا ہے کہ آپریشن میں دہشت گرد کمانڈر نجیب عرف عبدالرحمان اور اشفاق عرف معاویہ سمیت 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ مارے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے جبکہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی لکی مروت میں کی اور آپریشن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لکی مروت آپریشن میں 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں۔

مزید خبریں :