Time 07 جولائی ، 2024
دلچسپ و عجیب

بلیاں فرنیچر کو زیادہ کیوں کھرچتی ہیں؟ سائنسدانوں نے وجہ جان لی

بلیاں فرنیچر کو زیادہ کیوں کھرچتی ہیں؟ سائنسدانوں نے وجہ جان لی
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فوٹو بشکریہ نیوز ویک

دنیا بھر میں کروڑوں افراد بلیاں پالتے ہیں اور انہیں اکثر ایک عجیب مسئلے کا سامنا ہوتا ہے۔

بلیوں کی جانب سے اکثر تکیوں، فرنیچر یا کارپٹ کو پنجوں سے کھرچا جاتا ہے اور اب سائنسدانوں نے اس کی وجوہات دریافت کرلی ہیں۔

جرنل Veterinary Science میں شائع تحقیق میں 12 سو پالتو بلیوں کو شامل کیا گیا تھا۔

تحقیق میں دریافت ہوا کہ جن گھروں میں بچے ہوتے ہیں، وہاں پالتو بلیوں کی جانب سے چیزوں کو کھرچنے کے واقعات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ جارحانہ رویے کی حامل بلیاں فرنیچر کو زیادہ کھرچتی ہیں۔

ترکیہ کی انقرہ یونیورسٹی کی تحقیق میں شامل ماہرین نے بتایا کہ گھروں میں بچوں کی موجودگی، بلیوں کی شخصی عادات اور ان کی راتوں کی سرگرمیاں جیسے عناصر کھرچنے کے رویے کا باعث بنتے ہیں۔

ویسے تو چیزوں کو کھرچنا بلیوں کا عام رویہ ہے جو ان کے پنجوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے، ان کے علاقوں کا تعین کرتا ہے اور دیگر بلیوں سے رابطوں میں بھی مدد فراہم کرتا ہے، مگر اس سے پالتو بلیوں اور ان کے مالکان کے درمیان تعلق متاثر ہوتا ہے۔

مگر تحقیق میں چند ایسی حکمت عملیوں پر بھی روشنی ڈالی گئی جو بلیوں کی اس عادت میں کمی لاتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق بلیاں جن جگہوں کو زیادہ کھرچتی ہیں، وہاں کھرچنے کے لیے مخصوص اشیا کو رکھنے سے اس مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

اسی طرح محفوظ چھپنے کے مقامات کی فراہمی اور کھیل کے مواقع فراہم کرنے سے بھی اس مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ کھیلنے سے بلیاں خوش رہتی ہیں اور تناؤ میں کمی آتی ہے جس سے ان کا اپنے مالک سے تعلق مضبوط ہوتا ہے۔

مزید خبریں :