Time 08 جولائی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

سفینہ کیلئے 3 سے 4 مرتبہ لڑکے خود دیکھنے گیا: بہروز سبزواری

سفینہ کیلئے 3 سے 4 مرتبہ لڑکے خود دیکھنے گیا: بہروز سبزواری
 اداکار بہروز سبزواری حال ہی میں اہلیہ سفینہ شیخ کے ہمراہ جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے ‘ میں شریک ہوئے تھے/فوٹوفائل 

اداکار بہروز سبزواری نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شادی سے قبل سفینہ شیخ کیلئے 3 سے 4 مرتبہ لڑکے دیکھنے خود گئے تھے لیکن بعد میں سفینہ اور ان کا رشتہ طے ہوا۔

اداکار بہروز سبزواری حال ہی میں اہلیہ سفینہ شیخ کے ہمراہ جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے ‘ میں شریک ہوئے تھے جس دوران میزبان تابش ہاشمی نے ان سے نجی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق کئی سوال کیے۔

شادی اور رشتوں سے متعلق سوال کے جواب میں جاوید شیخ کی بہن سفینہ شیخ  نے بتایا کہ بہروز سبزواری سے رشتہ طے ہونے سے قبل میرے کئی رشتے آئے لیکن میرے والد نے کسی رشتے کیلئے ہاں نہیں کی تھی کیوں کہ وہ  اس وقت میری شادی نہیں کرنا چاہتے تھے۔

اس پر بہروز سبزواری نے بتایا کہ یہ بات میں بھی کہہ سکتا ہوں  کیوں کہ میں خود بھی  جاوید کے ساتھ سفینہ کیلئے 3 سے 4 مرتبہ لڑکا دیکھنے گیا تھا۔

بعد ازاں سفینہ شیخ  نے  بہروز سبزواری سے رشتہ ہونے سے متعلق بتایا کہ’ میں ایک دوست کے گھر کھانے پر مدعو تھی وہاں مجھے کسی نے رشتے کیلئے پسند کیا اور میرے گھر رشتہ لے کر آگئے، والد کو بھی رشتہ بے حد پسند آیا لیکن اس رشتے کی خبر جب بڑے بھائی جاوید شیخ کو ہوئی تو انہوں نے کہا کہ یہ رشتہ نہیں ہوسکتا اور کیوں نہیں ہوسکتا یہ میں گھر آکر بتاؤں گا، اس کے بعد جاوید شیخ نے آکر بتایا کہ انہوں نے میرا بہروز سبزواری سے کردیا ہے‘۔

 بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ سفینہ کے والد سب کیلئے بہت سخت تھے لیکن میرے لیے ان کا ہاں کہہ دینا اس کے پیچھے کئی وجوہات تھیں کیوں کہ جاوید سے میری دوستی تھی اور وہ مجھے بہت اچھے سے جانتے تھے۔

واضح رہے کہ بہروز سبزواری اور سفینہ شیخ کی شادی کو 38 سال کا عرصہ گزر چکا ہے دونوں کا ایک بیٹا شہروز سبزواری ہے۔

مزید خبریں :