10 فروری ، 2013
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے باوجود بھی کسی کو اعتراض ہے تو کچھ نہیں کیا جاسکتا۔ وہ کراچی کے نجی انسٹی ٹیوٹ میں یوم طلبہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا کام پورے ملک میں ہونا چاہئے، شہر میں امن و امان سے متعلق انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، شہر میں علاقائی بنیاد پر کمیٹیاں بناکر امن قائم کیا جاسکتا۔ ایک سوال پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو سندھ میں سیاسی سرگرمیوں کا حق حاصل ہے۔