10 فروری ، 2013
سمبڑیال … نائب وزیراعظم اور مسلم لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) کے نمائندے گونگے اور بہرے ہیں، نہ سن سکتے ہیں نہ بول سکتے ہیں، آج اگر صوبے میں گیس اور بجلی نہیں تو اس کی وجہ شہباز شریف ہیں، انہوں نے جنگلا بس سروس چلاکر سارے پنجاب کو کنگلا کردیا ہے۔ سمبڑیال میں مسلم لیگ ق کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ اگر شہباز شریف چوہدری شجاعت کا منصوبہ مان لیتے تو صرف 4 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ رہ جاتی، آج اگر صوبے میں گیس اور بجلی نہیں تو یہ سب شہباز شریف کی وجہ سے ہے، آشیانہ اسکیم، تندور اسکیم، لیپ ٹاپ پر اربوں روپے ضائع کردیئے گئے، شہباز شریف نے جنگلا بس سروس چلاکر سارے پنجاب کو کنگلا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تخت لاہور میں روزانہ 100 ڈکیتیاں ہورہی ہیں، کیا یہ گڈ گورننس ہے، چور ڈاکووٴں کو پکڑنے والی پیٹرولنگ پولیس کا پیٹرول بند کردیا گیا، آج نہ عزت محفوظ ہے، نہ مال اور نہ ہی جان۔ پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ نواز شریف سندھ میں بری حکمرانی کی بات کرتے ہیں، میاں صاحب بتائیں کہ پنجاب میں کونسی اچھی حکمرانی ہے، نواز شریف سندھ میں جاکر امن و امان کی خراب صورت حال پر بات کرتے ہیں، میاں صاحب! پہلے اپنے گھرپر نظردوڑائیں۔ نائب وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اگر مسلم لیگ(ن) کو الیکشن میں شکست نہیں دی تو بنی بنائی چیزیں بھی لاہور چلی جائیں گی۔