10 فروری ، 2013
کراچی … حروں کے روحانی پیشوا اور فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیرپگارا کا کہنا ہے کہ نئے صوبے بنانے کی کیا ضرورت ہے، حکومت کو چاہئے صرف بہاولپور صوبے کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کرے، تمام صوبوں کے سیاسی گورنروں کو تبدیل کیا جائے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں میں اس وقت سیاسی گورنر لگے ہوئے ہیں، تمام سیاسی گورنروں کو ہٹانا چاہئے، حکومت کو 5 سال تک نئے صوبے بنانے کی بات یاد نہیں تھی، اب نئے صوبے بنانے کی کیا ضرورت ہے، حکومت صرف بہاولپور صوبے کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تیاری شروع کریں گے، ہونا نہ ہونا الگ بات ہے، نواز شریف آئیں تو انہیں خوش آمدید کہیں گے، جس کے ساتھ سوچ ملے گی، اتحاد بھی اسی سے کریں گے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ حکومت کو بالآخر طالبان سے مذاکرات کرنے پڑے ہیں، پہلے ہی کرلیتے تو بہتر تھا۔