Time 19 جولائی ، 2024
پاکستان

پنجاب، پختونخوا اور بلوچستان میں بارش، مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق

پنجاب، پختونخوا اور بلوچستان میں بارش، مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق
فوٹو: فائل

پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ سندھ میں گرمی برقرار ہے۔

لاہور، شیخو پورہ، گجرات، جہلم اور حافظ آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ گجرات میں بارش کی وجہ سے مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

گجرات میں بارش کے باعث گیپکو کے کئی فیڈر متاثر ہوگئے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

جہلم شہر اور گردونواح میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ حافظ آباد شہر اور گردونواح میں شدید بارش سے گرمی کی شدت کم ہوگئی۔

آزاد کشمیر کے علاقوں سماہنی اور بھمبر میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ بلوچستان میں کوہِ سلیمان، شیرانی اور دہانا سر میں کئی گھنٹے تک موسلا دھار بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ سے ژوب ڈی آئی خان شاہراہ بند ہوگئی۔

کوہِ سلیمان کے بالائی مقام دھانا سر میں لینڈ سلائیڈنگ کا ملبا ہٹانے کا کام جاری  ہے، ہیوی مشینری سے بھاری چٹانیں ہٹادی گئیں  اور چھوٹی مسافر گاڑیوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔

رات سے پھنسی مسافر بسوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کو بھی کلیئر کیا جائے گا جبکہ بلوچستان کو خیبر پختونخوا سے ملانے والی این 50 شاہراہ کی بحالی کا کام جاری ہے۔

اس کے علاوہ چارسدہ میں بھی مکانات گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

دوسری جانب جمعرات کو کراچی ملک کا گرم ترین شہر رہا جہاں37 ڈگری کی گرمی 54 ڈگری کی محسوس کی گئی۔

کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ہیٹ اسٹروک سے 2 اموات اور 49 کیس رپورٹ ہوئے۔

مزید خبریں :