11 فروری ، 2013
لاہور…لاہورہائی کورٹ نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کی درخواست پر ٹرائل کورٹ سے مقدمے کا مکمل رکارڈ طلب کر لیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ راول پنڈی بنچ کے جسٹس مظاہر علی نقوی اور جسٹس علی باقر نجفی نے ایف آئی اے کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ ایف آئی ا ے کے سپیشل پراسیکیوٹر چودھری ذوالفقارنے پنجاب کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے ایڈمنسٹریٹو جج کا 4 دسمبر کا حکم نامہ عدالت میں جمع کرایا جس میں تمام عدالتوں کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ جون 2012 سے پرانے مقدمات کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کے سوا دیگر مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت جاری ہے۔ جس پر ہائی کورٹ نے تمام ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کے وکلاء کو درخواست پر بحث کے لئے سماعت 13 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔