11 فروری ، 2013
اسلام آباد …پاکستان تحریک انصاف نے دہری شہریت والے 21 ارکان پارلیمنٹ کی فہرست الیکشن کمیشن کو فراہم کر دی ،سیکریٹری الیکشن کمیشن کہتے ہیں کہ فہرست چھان بین کے لیے ایف آئی اے کو بھجوا ئی جائے گی۔جہانگیر ترین،اسحاق خاکوانی اور دیگر رہنماوٴں پر مشتمل تحریک انصاف کے وفد نے سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد نے دہری شہریت والے جن اراکین کی فہرست الیکشن کمیشن کو فراہم کی ہے ان میں ایم کیو ایم کے حیدر عباس رضوی،ندیم احسان،رضا ہارون،مسلم لیگ ن کے اریش کمار،سبین رضوی بھی شامل ہیں۔ یہ سب وہ ارکان ہیں جن کے خلاف دہری شہریت کے معاملے پر کارروائی ہورہی ہے یا وہ مستعفی ہو چکے ہیں۔ تحریک انصاف کے وفد نے سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار سے متعلق بھی تجاویز دی ہیں۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے میڈیا کو بتایا کہ یہ تجاویز کمیشن اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔