29 جولائی ، 2024
کراچی: لیاری ایکسپریس وے کو 24 گھنٹے ہیوی ٹریفک کے لیے کھولنے کی تجویز تھرڈ پارٹی انجینئرنگ کمپنی نے مسترد کر دی۔
لیاری ایکسپریس وے کو ہیوی ٹریفک سے کھولنے کے لیے تھرڈ پارٹی انجینئرنگ کی آڈٹ رپورٹ جیو نیوز نے حاصل کر لی۔
رپورٹ کے مطابق لیاری ایکسپریس وےکے اسٹرکچرکومضبوط کرنے کےبعد رات 11 سے صبح 6 بجے تک ہیوی ٹریفک چل سکتا ہے جبکہ 24 گھنٹے ہیوی ٹریفک کیلئے لیاری ایکسپریس وے پر علیحدہ نئی لین تعمیر کرنا ہوگی۔
آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5 سینٹی میٹر اسفالٹ، بیئریرز کی اونچائی سمیت کچھ اقدامات ضروری ہوں گے، سہراب گوٹھ پر نیشنل ہائی وے اور سندھ پولیس کی ٹریفک مینجمنٹ ضروری ہو گی
خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ کراچی کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لیاری ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک کے استعمال پر اصرار کیا تھا جبکہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) کے حکام نے ہیوی ٹریفک کے لیاری ایکسپریس وے کے استعمال پر تحفظات کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر لیاری ایکسپریس وے کو ہیوی ٹریفک کیلئے کھولے جانے کے معاملے پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی کمیٹی بنائی گئی تھی جس نے ایکسپریس وے کی صلاحیت کی جانچ پڑتال کرنی تھی۔
بعد ازاں لیاری ایکسپریس وے کی جانچ پڑتال کے لیے کنسلٹنٹ انجینیئرنگ ایسوسی ایٹ کو شامل کیا گیا تھا جس نے اپنی رپورٹ متعلقہ حکام سے شیئر کر دی تھی۔