31 جولائی ، 2024
بہاولپور کے علاقے خیرپور ٹامیوالی میں مبینہ پولیس مقابلے میں 3 مسلح ڈاکو ہلاک ہوگئے۔
ترجمان ڈسٹرکٹ پولیس کے مطابق تھانہ خیرپور ٹامیوالی کے علاقے مدینہ چوک میں رات گئے 3 مسلح ڈاکوؤں نے ایک دکان پر ڈکیٹی کی واردات کے دوران ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے دکاندار پر تشدد کیا اور 20 ہزار روپے چھین کر فرار ہو گئے-
پولیس کے مطابق علاقہ مکینوں نے پولیس ہیلپ لائن پر کال کرکے واردات کی اطلاع دی، پولیس اور ایلیٹ فورس کی ٹیموں نے ناکہ بندی کرکے فرار ہوتے ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی تو موٹر سائیکل پر سوار مسلح ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی-
پولیس کے مطابق اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں تینوں ڈاکو ہلاک ہو گئے، ڈاکوؤں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال خیرپور ٹامیوالی منتقل کر دی گئی ہیں-