07 اگست ، 2024
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ ذرائع نے بتایاکہ عمران خان کا کہنا تھاکہ آئین اور قانون کے دائرے میں کسی سے بھی بات کرنےکو تیار ہوں، ہمارا چوری شدہ مینڈیٹ ہمیں واپس دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں جلسے کریں کوئی لڑائی نہ کی جائے، جلسوں اورریلیوں کی اجازت لی جائے، کوئی غیرقانونی کام نہ کیا جائے۔
ذرائع نے بتایاکہ عمران خان کا کہناتھاکہ قید میں رہنے سےکوئی پریشانی نہیں، مختلف موضوعات پرکتابیں پڑھ رہا ہوں۔
اس موقع پر علی امین گنڈاپور کا کہنا تھاکہ ملک بھر میں جلسے کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں گڈ گورننس، بدعنوانی سے متعلق شکایات پربانی پی ٹی آئی کو کمیٹی بنانے کی تجویز دی گئی۔ علی امین کا کہناتھاکہ ایسی کمیٹی بنائی جائے جو آزادانہ شفاف تحقیقات کرے، کمیٹی اراکین کے نام بھی آپ ہی تجویز کریں۔
ذرائع نے بتایاکہ معاون خصوصی اینٹی کرپشن مصدق عباسی کا نام کمیٹی میں بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر شامل کیا گیا۔