Time 08 اگست ، 2024
کھیل

32 سال قبل پاکستان کیلئے آخری میڈل جیتنے والی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی بھی ارشد ندیم کیلئے دعا گو

32 سال قبل پاکستان کیلئے آخری میڈل جیتنے والی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی بھی ارشد ندیم کیلئے دعا گو
برانز میڈلسٹ ہاکی ٹیم کے اراکین قمر ابراہیم ، طاہر زمان  ارشد ندیم کیلئے دعا گو ہیں —فوٹو: اسکرین گریب

32 سال قبل اولمپکس میں پاکستان کیلئے آخری میڈل جیتنے والی قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی بھی جیولن تھرور ارشد ندیم کیلئے دعا گو ہیں۔

1992 بارسلونا اولمپکس کی برانز میڈلسٹ ہاکی ٹیم کے اراکین قمر ابراہیم ،طاہر زمان اور رانا مجاہد نے ارشد ندیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

سابق اولمپیئن قمر ابراہیم نے کہا ہے کہ ارشد ندیم آج کا ہیرو ہے، ہم سب کی دعائیں اس کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم آپ کا ایک تھرو آج آپ کی زندگی تبدیل کردے گا، آپ تاریخ رقم کرسکتے ہیں، آپ کوئی کثر نہ چھوڑنا، باقی ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، ہمیں پوری امید ہے کہ آپ میڈل جیتیں گے۔

قمر ابراہیم کا کہنا تھا کہ آج سے 32 سال قبل اسی تاریخ کو ہم نے میڈل جیتا تھا، ہاکی کے بعد اب تک کوئی اولمپک میڈل نہ لا سکا، آج آپ میڈل جیتیں پھر ہم 8 اگست کو میڈل ڈے منائیں گے۔

اولمپیئن طاہر زمان نے کہا کہ پاکستان کا ہیرو ارشد ندیم آج اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا، پوری امید ہے کہ ارشد ندیم اچھی تھرو کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کرے گا، قوم کا بچہ بچہ، بزرگ، مائیں، بہنیں ہر کوئی ارشد کیلئے دعا گو ہیں۔

اس کے علاوہ اولمپیئن رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کیلئے بہت اہم دن ہے، آج کے دن 92 میں ہم نے برانز میڈل جیتا تھا، آج ارشد ندیم سے میڈل کی امید ہے، وہ  آج یادیں تازہ کرائیں گے جو ہاکی ٹیم کیا کرتی تھی، میری اور ہاکی فیڈریشن کی نیک تمنائیں ارشد ندیم کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کا فائنل آج ہوگا جس میں پاکستان کے ارشد ندیم سمیت 12 ایتھلیٹس ایکشن میں ہوں گے۔

مزید خبریں :