پاکستان
15 فروری ، 2013

45ارب ڈالر کا تعمیراتی منصوبہ:ابوظہبی گروپ کا ملک ریاض کے ساتھ معاہدہ

45ارب ڈالر کا تعمیراتی منصوبہ:ابوظہبی گروپ کا ملک ریاض کے ساتھ معاہدہ

ابو ظہبی …بحریہ ٹاؤن کے سابق چیئرمین اور موجودہ کنسلٹنٹ ملک ریاض حسین نے ہز ہائی نیس شیخ نہیان بن مبارک النہیان، چیئرمین ابوظہبی گروپ ظہبین کنسٹرکشن ،یونین نیشنل بنک اور یونائیٹڈ نیشنل بنک کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں،معاہدے کے تحت مجموعی طور پر پاکستان کے مختلف تعمیراتی پراجیکٹس میں 45ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی،ابو ظہبی گروپ اس سے قبل بھی پاکستان میں بینکنگ اور ٹیلی کام انڈسٹری میں وسیع اور کامیاب سرمایہ کاری کرچکا ہے۔ان معاہدوں کی رو سے دس ارب ڈالر اسلام آباد اورلاہور میں جبکہ 35ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سندھ میں کی جائے گی ،جن میں کراچی میں دنیا کی بلند ترین عمارت کی تعمیر بھی شامل ہے۔اس میں اسپورٹس سٹی ،انٹرنیشنل سٹی،ایجوکیشنل اینڈ میڈیکل سٹی اور میڈیا سٹی بھی تعمیر کیے جائیں گے۔پراجیکٹ کے تحت دنیا کے ساتوں عجوبوں کے مینی ایچرز کی تعمیر بھی انہی منصوبوں کا حصہ ہے۔ان منصوبوں سے پچیس لاکھ سے زائد افراد کو روزگار ملیگااور سمینٹ ،بلاکس،سریے،لوہا ،گلاس سمیت پچپن صنعتوں کو فروغ حاصل ہوگا اور لاکھوں پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔اس معاہدے سے نہ صرف پاکستان کی معیشت بلکہ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور کراچی کی رونقیں بحال ہونگی۔اس موقع پر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن نہ صرف جدید پاکستان کی پہچان ہے بلکہ رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں ایک مستند نام بھی ہے،مجھے خوشی ہے کہ پاکستان کے اس تاریخ ساز پراجیکٹ کے لیے ملک ریاض میرے ساتھ ہونگے۔بحریہ ٹاؤن کے سابق چیئرمین ملک ریاض نے کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ شیخ نہیان بن مبارک النہیان اور انکے گروپ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ہمارا انتخاب کیا اور ہم پر بھرپور اعتمادکا اظہار کیا ۔ان منصوبوں کا ایک نمایاں پہلو سمندر سے توانائی حاصل کرکے بجلی پیدا کرنا ہے،منصوبوں کا اپنا گرڈ اسٹیشن ہوگا، علاوہ ازیں سمندر کے پانی کو جدید ترین پلانٹ سے پینے کے قابل بنایا جائیگا۔

مزید خبریں :