31 مارچ ، 2025
عید کے چاند کا اعلان ہوتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث 15 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعات بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، لانڈھی، کورنگی صنعتی ایریا، منگھوپیر، ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں پیش آئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال، سول اسپتال اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا اور اس دوران 11 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
سائٹ ایریا سے 2 ملزمان، سعید آباد سے بھی دو ملزمان جبکہ اتحاد ٹاؤن، منگھوپیر، نارتھ ناظم آباد، شارع نور جہاں، موچکو اور رضویہ سوسائٹی سے ایک ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمات بھی درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔