Time 30 مارچ ، 2025
پاکستان

مردان کاٹلنگ میں جو ہلاکتیں ہوئیں انہی لوگوں کی ہوئیں جو دہشتگرد تھے: رانا ثنا

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مردان کے علاقے کاٹلنگ میں  انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہوا ہے اور جو ہلاکتیں ہوئی ہیں ان ہی لوگوں کی ہوئی ہے جو دہشتگرد تھے۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا کا کہنا تھاکہ مردان کے علاقے کاٹلنگ میں کارروائی سے متعلق زیادہ تفصیلات میرےعلم میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کیبریفنگ ہوئی تھی جس میں آرمی چیف نے بات کی تھی اور وضاحت سے اس عزم کا اظہار کیا تھاکہ دہشتگردوں کےکمین گاہوں کوختم کریں گے۔

رانا ثنا کا کہنا تھاکہ مردان کے علاقے کاٹلنگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہوا ہے، وہاں پر دہشتگرد تھے، مثبت اور قابل اعتماد اطلاعات کی بنیاد پر ہوا ہے اور جو ہلاکتیں ہوئی ہیں ان ہی لوگوں کی ہوئی ہے جو دہشتگرد تھے، اگر دہشتگرد اپنے بیوی بچوں کو ساتھ رکھیں اور دہشتگردی کی تیاری کریں تو حملہ تو کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسی بات نہیں کرنی چاہیے جو دہشتگردوں کی بالواسطہ حمایت ہو، کسی بھی دہشتگرد تک پہنچنےکےلیے کسی نکتہ نظرکی کوئی اہمیت نہیں، نہ اس کی پروا کرنی چاہیے۔

دوسری جانب مردان کے علاقے کاٹلنگ شموزو میں جاں بحق 9 افراد کی نمازجنازہ سوات میں ادا کر دی گئی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز مردان کے علاقے کاٹلنگ شموزو میں مبینہ ڈرون حملے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :