15 فروری ، 2013
کیپ ٹاوٴن … دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف 5 وکٹ پر 139 رنز بنالئے، میزبان ٹیم کے پانچوں کھلاڑیوں کو سعید اجمل نے آوٴٹ کیا۔ کیپ ٹاوٴن میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 338رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی تھی۔جواب میں جنوبی افریقا نے اننگز کا نسبتاً سنبھل کر کھیل شروع کیا تاہم پاکستانی اسپنر سعید اجمل بولنگ کیلئے آئے تو میزبان ٹیم کی مشکلات کا آغاز ہوگیا، کپتان گریم اسمتھ 19 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو ٹیم کا اسکور 36 رنز تھا۔ 50 کے مجموعی اسکور پر دوسرے اوپنر الویرو پیٹرسن بھی پویلین سعید اجمل کا شکار ہوگئے۔ ہاشم آملا اور جیک کیلس وکٹ پر آئے مگر یہ جوڑی بھی اپنی ٹیم کیلئے کچھ نہ کرسکی، ہاشم آملا 25 رنز پر اور جیک کیلس محض 2 رنز پر سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے فاف ڈو پلیسی 28رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے، یونس خان نے سعید اجمل کی گیند پر ان کا کیچ لیا۔ پاکستانی اسپنر نے 25 اوورز میں 41 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔