28 اگست ، 2024
ایک کمپنی نے ایسا موبائل فون تیار کیا ہے جس میں سوشل میڈیا تک رسائی ممکن نہیں اور اس کا مقصد بچوں اور نوجوانوں میں آن لائن کم وقت گزارنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
باربی نامی اس موبائل فون میں صرف کالز اور ٹیکسٹ میسجز بھیجنا ممکن ہے جبکہ انٹرنیٹ کو استعمال نہیں کیا جاسکتا۔
یہ فلپ فون ہیومین موبائل ڈیوائسز (ایچ ایم ڈی) نے تیار کیا ہے جس میں شخصیت کو بہتر بنانے کی ٹپس موجود ہیں جبکہ ایک کیمرا بھی دیا گیا ہے۔
اسے باربی ڈولز تیار کرنے والی کمپنی Mattel کی شراکت داری سے تیار کیا گیا ہے۔
اسے تیار کرنے والی کمپنی کے مطابق تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اسمارٹ فونز سے دوری اختیار کرکے سادہ فونز پر سوئچ ہونا چاہتے ہیں۔
یعنی ایسے فونز جو 1990 اور 2000 کی دہائی میں استعمال ہوتے تھے۔
اس کمپنی کی جانب سے 10 ہزار والدین میں کرائے گئے سروے میں دریافت ہوا کہ 50 فیصد سے زائد افراد بچوں کو اسمارٹ فون دینے پر پچھتاتے ہیں۔
ان افراد کو لگتا ہے کہ اسمارٹ فون کے باعث خاندان کے درمیان تعلق کمزور ہوتا ہے جبکہ بچوں کی نیند متاثر ہوتی ہے اور وہ جسمانی سرگرمیوں سے بھی دور ہو جاتے ہیں۔