Time 31 اگست ، 2024
پاکستان

’جیو کی خبر کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی‘، کمراٹ میں پھنسنے والے سیاحوں کا اظہار تشکر

پاکستان کے سب سے بڑے نیوز چینل جیو نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعدخیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا کے سیاحتی مقام کمراٹ میں پھنسے ہوئے 200 سیاحوں کو بحفاظت ریسکیو کرلیاگیا جس پر سیاحوں نے جیونیوز کا شکریہ ادا کیا۔

چند روز قبل ضلع دیر بالا میں طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں کے بعد سیاحتی مقام کمراٹ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا تھا جس کے بعد  وادی میں موجود سیکڑوں سیاح واحد زمینی راستہ منقطع ہونے کے بعد پھنس کر رہ گئے تھے۔

ترجمان ٹورازم اتھارٹی کے مطابق وادی کمراٹ میں پھنسےسیاحوں کو ریسکیو کیا جارہا ہے اور  آج 200 سیاحوں کوکمراٹ ویلی سےبحفاظت نکالاگیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ محکمہ سیاحت، ٹورازم پولیس اور مقامی انتظامیہ ریسکیو آپریشن کررہی ہے، آپریشن کے دوران کمراٹ میں دوجنگا، آبشار اور کالاچشمہ کے مقام پرسیاحوں کو ٹورازم  پولیس نے ہوٹل میں اکٹھا کرلیا ہے  جس کے بعد تمام سیاحوں کوکالام کے راستے سے  باحفاظت لےجایاجائےگا۔

دوسری جانب ریسکیو کارروائیاں عمل میں آنے کے بعد سیاحوں نے بھی جیو نیوز کا شکریہ ادا کیا ہے۔

کمراٹ میں پھنسے سیاحوں کا کہنا ہے کہ ہم گزشتہ کئی گھنٹوں سے کمراٹ میں پھنسے ہوئے تھے، تھل بازار سے اوپر جانے والا روڈ صفحہ ہستی سے مٹ چکا ہے جس کے بعد تھل بازار یا کالام تک جانے کا کوئی راستہ نہیں تھا  لیکن جیو کی خبر کے بعد انتظامیہ نے حرکت میں آتے ہوئے ریسکیو کارروائیوں کا آغاز کیا، ہماری آواز بننے پر ہم جیو نیوز کے شکر گزار ہیں۔


مزید خبریں :