01 ستمبر ، 2024
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق کا کہنا ہے کہ ہمیں کشمیر کے معاملے پر حکمت عملی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
حریت پسند کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر منعقد سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق کا کہنا تھا سید علی گیلانی نے مشکل ترین حالات میں کشمیر کی نمائندگی کی، کشمیر میں معصوم شہری آج بھی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔
سردار عتیق کا کہنا تھا کشمیر پر حکمت عملی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، کشمیر کی آزادی کی تحریک کو پرو ایکٹو کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کشمیر کا تعلق پاکستان کے دفاع سے اور پاکستان کے دفاع کا تعلق ایٹمی پروگرام کے ساتھ ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما لیگ راجہ ظفرالحق کا سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کشمیر کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا نہیں کر سکا، جب آپ کشمیر کیلئے عملی طور پر نکلیں گے ہی نہیں تو کشمیر کیسے آزاد ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کشمیر میں جماعت اسلامی پر پابندی لگائی گئی، بنگلا دیش کے طالب علموں نے وہ کر دکھایا جو کوئی نہ کر سکا، بھارت اب بتانے کو بھی تیار نہیں کہ حسینہ واجد کو کہاں رکھا ہوا ہے۔
راجا ظفر الحق کا کہنا تھا ہم بھارتی سفارت خانے گئے اور وہاں بھی کشمیرکے لیے آواز اٹھائی، تقریروں کی بجائے کوئی کمیٹی بنائیں تاکہ کشمیر پر کام شروع ہو سکے۔