02 ستمبر ، 2024
کشمیرکونسل یورپین یونین(ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے حریت پسند کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل یورپین یونین(ای یو) علی رضا سید نے مرحوم سید علی گیلانی کو جنہوں نے تحریک آزادی کشمیر کی خاطر اپنی زندگی کے دوران طویل مدت قید وبند کی صہوبتیں برداشت کیں، زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
اتوار کو سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں کشمیرکونسل ای یو کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی رضا سید نے کہاکہ مشکلات کے باوجود علی گیلانی اپنے ارادوں میں مصمم رہے اور کشمیریوں کی بھرپور قیادت اور رہنمائی کی۔ مرحوم علی گیلانی نے تین کشمیری نسلوں کو اپنی انتھک جدوجہد سے متاثر کیا۔ وہ کشمیریوں کے ہیرو اور کشمیر کی سچی آواز تھے۔ وہ اپنے اصولوں اور نظریات سے ایک لمحہ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ سید علی گیلانی نے اپنے عظیم مقاصد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور کشمیریوں اور کشمیر کاز کے ساتھ ان کی غیرمشروط وابستگی اور محبت کی وجہ سے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اگرچہ علی گیلانی اب اس دنیا میں نہیں رہے لیکن ان کی ولولہ انگیز قیادت، رہنمائی اور عظیم جدوجہد کے اثرات طویل مدت تک باقی رہیں گے۔ ایسی عظیم شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔
علی رضا سید نے کہاکہ سید علی شاہ گیلانی نے تمام زندگی جموں و کشمیر کی بھارت سے آزادی کے لیے جدوجہد کی اور اپنے اصولوں پر ہمیشہ قائم رہے۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ علی شاہ گیلانی پہاڑ کی طرح کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں اپنے عظیم موقف پر ڈٹے رہے۔ ان کی یہ جدوجہد ناقابل فراموش ہے۔
اس موقع پر سید علی گیلانی کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔