Geo News
Geo News

Time 02 ستمبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

منجمد لاش کی شناخت کا اسرار لگ بھگ 5 دہائیوں بعد حل ہوگیا

منجمد لاش کی شناخت کا اسرار لگ بھگ 5 دہائیوں بعد حل ہوگیا
حیران کن طور پر جدید ٹیکنالوجی نے اس شخص کی شناخت میں کوئی کردار ادا نہیں کیا  فوٹو بشکریہ برکس کاؤنٹی کورنر آفس

1977 میں ایک امریکی ریاست کی غار سے منجمد شکل میں ملنے والے شخص کی شناخت کرلی گئی جس کے بعد یہ اسرار لگ بھگ 5 دہائیوں بعد حل ہوگیا۔

اس شخص کی منجمد لاش کو ریاست پنسلوانیا کی ایک غار میں دریافت کیا گیا تھا اور اب جاکر اس کی شناخت ہوئی ہے۔

اسے Pinnacle Man کا نام دیا گیا تھا اور اب برکس کاؤنٹی کورنر آفس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس کی شناخت کرلی گئی ہے۔

یہ پنسلوانیا کے علاقے فورٹ واشنگٹن سے تعلق رکھنے والا نکولس پال گروب ہے جو اس وقت گمشدہ ہوا جب اس کی عمر 27 سال تھی۔

حیران کن بات یہ ہے کہ جدید ٹیکنالوجی نے اس شخص کی شناخت میں کوئی کردار ادا نہیں کیا بلکہ ریاستی پولیس نے اس کیس کو پرانے طریقوں سے حل کیا۔

حکام کے مطابق 16 جنوری 1977 کو ہائیکرز نے ایک شخص کی منجمد لاش کو البانی ٹاؤن شپ کی ایک غار میں دریافت کیا تھا۔

شخصیت، لباس، یا اس کے پاس سامان سے اس شخص کی شناخت نہیں ہوسکی تھی جبکہ اس کی موت منشیات کے زیادہ استعمال سے ہوئی۔

پوسٹمارٹم کے دوران لاش سے فنگرپرنٹ اور دانتوں کا ریکارڈ اکٹھا کیا گیا تھا مگر وہ فنگرپرنٹ گم ہوگئے تھے۔

2019 میں یعنی 42 سال بعد انتظامیہ نے اس کولڈ کیس پر دوبارہ اس وقت کام شروع کیا جب دانتوں کے ریکارڈز کو فلوریڈا اور Illinois کے 2 گمشدہ افراد کے کیسز سے منسلک کیا گیا۔

برکس کاؤنٹی کے ماہرین نے ڈی این اے کے نمونے اکٹھے کرکے اپنے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ کیا اور ثابت ہوا کہ یہ لاش دونوں گمشدہ افراد کی نہیں۔

اگست 2024 میں اس وقت بڑی پیشرفت ہوئی جب پنسلوانیا اسٹیٹ پولیس نے 1977 کے پوسٹمارٹم میں لیے گئے فنگرپرنٹس کا کارڈ دریافت کیا۔

12 اگست کو فنگرپرنٹس کا کارڈ نیشنل ڈیٹا بیس میں جمع کرایا گیا اور ایک گھنٹے کے اندر Pinnacle Man کے فنگرپرنٹس نکولس پال گروب کے ثابت ہوگئے۔

حکام نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ لاش کی شناخت سے نکولس پال گروب کے خاندان کی دہائیوں پرانی تلاش ختم ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ نکولس پال گروب کے گھر والوں کو اس بارے میں بتا دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :