16 فروری ، 2013
کیپ ٹاون…کیپ ٹاون ٹیسٹ میں پاکستان نے دوسری اننگز میں تین وکٹ پر ایک سو رنز بنالئے ہیں، تیسرے دن کھیل ختم ہونے تک پاکستان کو جنوبی افریقا پر مجموعی طور پر ایک سو بارہ رنز کی برتری حاصل ہے۔ نیو لینڈ کے گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے تیسرے دن جنوبی افریقا نے دوسری نامکمل اننگز ایک سو انتالیس رنز پانچ کھلاڑی آوٹ سے دوبارہ شروع کی ۔ ایک سو چونسٹھ پراس کی چھٹی وکٹ گری جب ڈین ایلگر تیئس رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دو سو دس کے مجموعی اسکور پر جنوبی افریقا کو ساتواں نقصان ہوا جب ڈی ویلیئرز اکسٹھ رنز بناکر محمد عرفان کے کیرئیر کا پہلا شکار بن گئے۔اس موقع پر روبن پیٹرسن نے ایک اینڈ سنبھالیا۔ انہوں نے آٹھویں وکٹ کیلئے فلنڈر کے ساتھ سڑسٹھ رنز کی شراکت بنائی۔ فلنڈر بائیس اور پیٹرسن چوراسی رنز بناکر پویلین لوٹے۔جنوبی افریقی ٹیم بارہ رنز کے خسارے میں رہتے ہوئے تین سو چھبیس رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔جواب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا۔ پہلے اوور کی دوسری گیند پر محمد حفیظ آوٹ ہوگئے۔ اگلے اوور میں ناصر جمشید بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔آوٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی یونس خان تھے چودہ رنز بناکر ڈیل اسٹین کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ سعید اجمل نے چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ڈبیو کرنے والے محمد عرفان نے تین وکٹ حاصل کیں۔تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے تین وکٹ پر ایک سو رنز بنالئے تھے۔ مصباح الحق چھتیس اوراظہر علی پینتالیس رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے، کھیل میں پاکستان کو مجموعی طور پر بارہ رنز کی برتری حاصل ہے۔