09 ستمبر ، 2024
غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری میں اہل خانہ سمیت غزہ شہری دفاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر شہید ہوگئے۔
غزہ سول ڈیفنس کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تصدیق کی کہ غزہ سول ڈیفنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عبدالحیی مرسی جبالیا میں اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئے ہیں۔
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے سول ڈیفنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے گھر کو ٹارگیٹ کرکے نشانہ بنایا گیا تھا، حملے میں ان کے اہل خانہ بھی شہید ہوگئے۔
ترجمان غزہ سول ڈیفنس کے مطابق اب تک اسرائیلی حملوں میں غزہ سول ڈیفنس کے 83 اہلکار شہیدجبکہ 200 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صیہونی افواج کے وحشیانہ حملوں میں مزید 33 فلسطینی شہید ہوگئے اس کے علاوہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے سے 3 ایمرجنسی اہلکار بھی شہید ہوئے۔
اردن کے ساتھ مغربی کنارے کی سرحد پر فائرنگ سے 3 اسرائیلی فوجی ہلاک جبک حملہ آور کو بھی مار دیا گیا۔ حملے کے بعد اسرائیل نے اردن کے ساتھ تمام زمینی راستے بند کر دیے،
دوسری جانب غزہ میں اقوام متحدہ کی انسداد پولیو مہم جاری ہے، ایک ہفتے میں غزہ کے 69 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلا دیے گئے۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ میں ہزاروں بچے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں قتل کیے جا چکے ہیں، اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 40 ہزار 972 سے متجاوز ہو چکی ہے جبکہ 94 ہزار 761 سے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے جبکہ غزہ پر اسرائیل کے اندھادھند بمباری سے اب تک لاکھوں افراد بے گھر ہوکر کیمپوں میں گزارنے پر مجبور ہیں۔