Time 10 ستمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

ڈارتھ ویڈر اور لائن کنگ کے مفاسا کو آواز دینے والے معروف اداکار جیمز ارل جونز چل بسے

ڈارتھ ویڈر اور لائن کنگ کے مفاسا کو آواز دینے والے معروف اداکار جیمز ارل جونز  چل بسے
جیمز ارل نے ڈارتھ ویڈر اور مفاسا جیسے کرداروں کو آواز دی— فوٹو: فائل

اسٹار وارز کے ڈارتھ ویڈر اور لائن کنگ کے مفاسا کو آواز دینے والے معروف اداکار جیمز ارل جونز گزشتہ روز 93 سال کی عمر میں چل بسے۔

جیمز ارل جونز نے اپنی آواز کا جادو جگانے کے ساتھ ساتھ بے شمار ہالی وڈ فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے جن میں روٹس، کمنگ ٹو امریکا، دا ہنٹ فار ریڈ آکٹوبر  جیسی فلمیں شامل ہیں، تاہم انہیں اسٹیج سے خصوصی دلچسپی رہے۔

جیمز ارل جونز کی اعلیٰ کارکردگی کے اعتراف میں انہیں ایک  آسکر ، ایک گریمی، 3 ایمی اور 3 ٹونی ایوارڈز سے نوازا گیا۔

جیمز ارل جونز نے کئی ٹی وی اشتہاروں کے لیے بھی صداکاری کی اور کئی برسوں تک معروف امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے ان کی آواز میں ریکارڈ شدہ اپنی ٹیگ لائن کا بھی استعمال کیا۔

ڈارتھ ویڈر اور لائن کنگ کے مفاسا کو آواز دینے والے معروف اداکار جیمز ارل جونز  چل بسے
جیمز کی اعلیٰ کارکردگی کے اعتراف میں انہیں ایک آسکر ، ایک گریمی، 3 ایمی اور 3 ٹونی ایوارڈز سے نوازا گیا— فوٹو: آسکر

دلچسپ اتفاق ہے کہ بچپن میں ہکلانے کی عادت نے جیمز ارل جونز کو مستقبل کا بہترین اداکار اور صداکار بنادیا۔

 اپنی ہکلانے کی عادت کی وجہ سے جیمز نے بچپن میں بات چیت کرنا ترک کردی تھی اور وہ خاموش رہنے لگے تھے لیکن پھر ان کے ہائی اسکول کے ایک استاد نے دیکھا کہ جیمز شعر کہنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ان کے استاد نے جیمز سے کلاس میں باآواز بلند اپنی لکھی ہوئی شاعری ہی پڑھنے کو کہا، کچھ عرصے بعد خود جیمز کو بھی محسوس ہوا کہ وہ جب اپنے حافظے سے کوئی چیز پڑھتے ہیں تو وہ کم ہکلاتے ہیں۔

وقت گزرنے کے ساتھ جیمز صداکاری کی دنیا میں ایک اتھارٹی سمجھے جانے لگے اور کمرشل وائس اوورز، ڈاکومنٹری فلموں اور کمپیوٹر گیمز میں ان کی آواز ایک خاص پہچان بن گئی۔

مزید خبریں :