Time 10 ستمبر ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس، جمعے سے ملک گیر احتجاج کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جمعے سے  ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کرلیا۔

پشاور میں تحریک انصاف کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت مرکزی قائدین نے شرکت کی۔

ذرائع نے بتایاکہ اجلاس میں ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جمعے سے شروع کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلی کے فلور پر بھی پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کی مذمت کی جائے گی۔

دوسری جانب پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے کہاکہ ملک کے سیاسی و جہموری عمل پر کچھ لوگ حاوی ہیں، پی ٹی آئی کے جلسے کو روکنے کیلئے ایک دن پہلے قانون بنایا گیا، جلسے کا اپنا ماحول ہوتا ہے، سوئچ سے 7 بجے جلسہ ختم نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سوچ کہ ہمارے آگے سر جھکانے والا ہی قابل قبول ہے، پاکستان کے عوام پر حملہ ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر سمیت متعدد رہنماؤں کو حراست میں لیا تھا۔

مزید خبریں :