18 فروری ، 2013
کراچی… سانحہ کوئٹہ کے خلاف آج کراچی میں شیعہ علماء کونسل کی جانب سے ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔ سانحہ کوئٹہ کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے شیعہ علماء کونسل کی جانب سے ہڑتال کی جارہی ہے۔ ترجمان وفاقی اردو یونیورسٹی کے مطابق گلشن کیمپس اور عبدالحق کیمپس میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے تحت ہونے والے آج کے تمام پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ صدر کراچی ٹرانسپورٹ نے بھی سانحہ کوئٹہ کے خلاف ہونے والی ہڑتال کا حمایت کا اعلان کرتے ہوئے آج سڑکوں پر ٹرانسپورٹ نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آل پرائیوٹ اسکول مینجمنٹ نے بھی آج اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سانحہ کوئٹہ کے خلاف پاکستان بار کونسل کی اپیل پر کراچی بار ایسوسی ایشن کے تحت عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ سانحہ کوئٹہ کے خلاف کراچی بار ، سندھ ہائی کورٹ بار اور ملیر بار کا مشترکہ جنرل باڈی اجلاس ہائی کورٹ بار میں منعقد کیا جائے گا، جس میں تینوں بار کے اراکین شرکت کریں گے۔ گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی سانحہ کوئٹہ کے خلاف ہونے والی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے تجارتی سامان کی ترسیل بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سندھ تاجر اتحاد کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔