14 ستمبر ، 2024
وفاقی دارالحکومت میں شدید بارش اور موسم کی خرابی کی وجہ سے اسلام آباد ائیرپورٹ کا فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق صبح سویرے اسلام آباد پہنچی 3 غیر ملکی پروازیں لینڈ نہ کر سکیں جنہیں لاہور اتارا گیا جبکہ اسلام آباد آنے اور جانے والی 20 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کا بتانا ہے کہ کویت سے اسلام آباد کی غیرملکی پرواز ، شارجہ اسلام آباد سے نجی ائیرلائن کی پرواز اور پی آئی اے کی جدہ سے اسلام آباد کی پرواز کو لاہور لینڈ کرایا گیا، پی آئی اے نے مسافروں کو متبادل ذرائع سے اسلام آباد بھیجا جبکہ دیگر 2 پروازیں موسم کی خرابی پر لاہور سے ٹیک آف کر کے اسلام آباد پہنچیں۔
ادھر ابوظبی، دمام، القسیم سے اسلام آباد کی پروازوں کی آمد میں اور اسلام آباد سے دبئی، جدہ، ابوظہبی، استنبول، بحرین، گلگت، اسکردو اور دیگر 15 پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد بیچنگ کی پرواز ڈھائی گھنٹے تاخیر سے شام 7:30 بجے ،اسلام آباد دبئی کی پرواز 8 گھنٹے تاخیر سے 9:30 بجے جائے گی۔
خراب موسم کے باعث ملتان سے شارجہ کی2 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ آپریشنل وجوہات کی بنا پر لاہور سے شارجہ کی نجی ائیر لائن کی پرواز کی روانگی میں 9 گھنٹے، لاہور سے کراچی کی نجی ائیرلائن کی پرواز میں سوا 3 گھنٹے اور پشاور سے ابوظبی کی پرواز 7 گھنٹے تاخیر سے شام 6 بجے جائے گی۔