14 ستمبر ، 2024
سری لنکا میں 2 اطالوی باشندوں پر تتلیوں کو اسمگل کرنے کے الزام پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے(بی بی سی) کے مطابق اٹلی سے تعلق رکھنے والے 2 باشندے اپنی چھٹیاں گزارنے سری لنکا آئے ہوئے تھے جہاں انہوں نے تتلیوں کو بغیر اجازت پکڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان دونوں سیاحوں نے سری لنکا کے یالا نیشنل سفاری پارک سے 92 اقسام کی تتلیوں سمیت سینکڑوں مقامی کیڑوں کو اسمگل کرنے کی کوشش کی۔
رپورٹس کے مطابق سفاری پاک میں موجود سکیورٹی اہلکاروں نے بتایا کہ انہوں نے 68 سالہ لوگی اور ان کے 28 سالہ بیٹے کو مختلف برتن میں موجود 300 سے زائد کیڑوں کے ساتھ پکڑا جو تمام مر چکے تھے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اطالوی باشندوں نے تتلیاں اور کیڑے پکڑ کر انہیں کیمیائی طور پر محفوظ رکھنے کے لیے موم کے تھیلے استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ستمبر کے آغاز میں انہیں کیڑوں کو غیر قانونی طور پر جمع کرنے، ذخیرہ کرنے اور نقل و حمل کے جرم میں سزا سنائی گئی اور ان پر 2 لاکھ سری لنکن روپے کا بھاری جرمانہ بھی کیا گیا۔