Time 15 ستمبر ، 2023
دنیا

برطانیہ میں معدوم ہوتی تتلیوں کی تعداد میں لاکھوں کا اضافہ ریکارڈ

رواں سال کی گرمی ریڈ ایڈمرل کی تعداد میں اضافے کیلئے مثبت ثابت ہوئی ہے : برٹش ڈاکٹر زو رینڈل/ فوٹو پی اے میڈیا
رواں سال کی گرمی ریڈ ایڈمرل کی تعداد میں اضافے کیلئے مثبت ثابت ہوئی ہے : برٹش ڈاکٹر زو رینڈل/ فوٹو پی اے میڈیا

ویسے تو دنیا بھر میں ہی تتلیاں معدومیت کا شکار ہیں تاہم برطانیہ سے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے جہاں تتلیوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 برطانوی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق بٹر فلائی کنزرویشن وائلڈ لائف چیریٹی کی جانب سے کی گئی تحقیق کے مطابق برطانیہ میں 2019 کے بعد سے تتلیوں کی تعداد میں اب تک کا سب سے بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محققین  نے رواں سال 14 جولائی سے 6 اگست کے درمیان 1.5 ملین سے زیادہ تتلیاں اور دن میں اڑنے والے کیڑے ریکارڈ کیے ہیں، بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں ریڈ ایڈمرل نامی تتلیوں کی  تعداد 2 لاکھ 48 ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ایک طرف ریڈ ایڈمرل تتلی کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے تو دوسری جانب 13 سال پہلے تتلیوں کی  گنتی کا  جو عمل شروع کیا گیا تھا  اس سے  حاصل ہونے والے اعدادوشمار سے معلوم ہوا کہ تتلیوں کی بہت سے نسلوں میں کمی آئی ہے اور وہ معدومیات کی شکار ہوگئیں ہیں۔

برٹش ڈاکٹر زو رینڈل نے بتایا کہ  تتلیاں صحت مند ماحول کیلئے ایک اچھا اشارہ ہیں، کیڑوں نے 2023 کے ملے جلے موسم سے فائدہ اٹھایا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ برطانیہ کے گرم دنوں میں ہونے والی بارش سے کیٹرپلر  کی خوراک کا اچھا انتظام ہوا ہے، یہی وجہ ہے کہ رواں سال کی گرمی ریڈ ایڈمرل کی تعداد میں اضافے کیلئے مثبت ثابت ہوئی ہے اور  پچھلے سال کی گنتی میں 338 فیصد اضافہ ہوا۔

مزید خبریں :