18 فروری ، 2013
کوئٹہ … سیکریٹری داخلہ بلوچستان اکبر درانی نے کہا ہے کہ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں، فورسز قیام امن کیلئے پوری کوشش کررہی ہیں، سانحہ ہزارہ ٹاوٴن میں 89 افراد جاں بحق ہوئے، 33 افغان مہاجرین بھی شامل ہیں۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ بلوچستان اکبر درانی کا کہنا ہے کہ ہزارہ ٹاوٴن سانحے پر سرکاری سطح پر سوگ منایا گیا، ہم اس وقت جنگ کی حالت میں ہیں، فورسز قیام امن کیلئے پوری کوشش کررہی ہیں، عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی حالات پر نظر رکھیں، دشمن کی شکل نظر نہیں آتی اس کی کارروائی پتا چلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات سے نبرد آزما ہونے کیلئے کردار ادا کررہے ہیں، کوئٹہ میں سیکیورٹی کیلئے 5 ہزار پولیس اور ایف سی اہلکار تعینات کئے ہیں، سانحے میں ملوث لوگوں کا کسی مذہب، فقہ یا کسی طبقے سے تعلق نہیں، اس طرح کے واقعات میں شیطانی ذہن کے لوگ ملوث ہیں۔ اکبر درانی نے بتایا کہ سانحہ ہزارہ ٹاوٴن میں 89 افراد جاں بحق ہوئے، ان میں 33 افغان مہاجرین بھی شامل ہیں جبکہ واقعے میں 56 افغان مہاجرین زخمی بھی ہوئے۔