18 فروری ، 2013
اسلام آباد…پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کوئٹہ میں فوج بلانے کی حمایت کردی، ان کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت دہشت گردوں کے خاتمے اور امن کیلئے فوج بلائی جاسکتی ہے، ہزارہ کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کیلئے چاروں ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج کرینگے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی پر ظلم کی انتہا ہوگئی، حکومت فوری طور پر شہداء کے لواحقین کیلئے امداد کا اعلان کرے، شہدا کے اہلخانہ کی ذمہ داری حکومت اٹھائے، پی ٹی آئی ہزارہ کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کیلئے چاروں ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی ظلم کی انتہا ہے، آئین کے تحت دہشت گردوں کے خاتمے اور امن کیلئے فوج کو بلایا جاسکتا ہے، کوئٹہ میں بھی فوج بلا لینی چاہئے۔ عمران خان کہتے ہیں کہ ہمیں دہشت گردوں کا نام لے کر ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرنا چاہئے، لشکر جھنگوی سے کہتا ہوں کہ یہ دہشت گردی ہے، انہیں بتا دینا چاہتا ہوں یہ اسلام نہیں، اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل عام انتخابات ہیں، الیکشن میں تاخیر کا سوچنے والے ملک دشمنی کررہے ہیں۔