20 ستمبر ، 2024
میٹا کے بانی مارک زکربرگ دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 198 ارب ڈالرز ہے۔
ویسے ان کی تصاویر دیکھ کر تو محسوس ہوتا ہے کہ وہ زیادہ پیسے خرچ کرنا پسند نہیں کرتے کیونکہ وہ اکثر سادہ گرے ٹی شرٹس ہی پہنے نظر آتے ہیں جبکہ کمپنی کی جانب سے انہیں محض ایک ڈالر تنخواہ دی جاتی ہے۔
مگر حالیہ مہینوں میں مارک زکربرگ نے اپنا ذاتی انداز کو کافی حد تک بدلا ہے اور چمکتی سونے کی چین اب اکثر گلے میں جھولتی نظر آتی ہے۔
مگر اب انہوں نے جو گھڑی خریدی ہے اس کی قیمت دنگ کر دینے والی ہے۔
وہ آج کل De Bethune DB25 Starry Varius Aérolite نامی بہت نایاب گھڑی پہنے نظر آتے ہیں۔
ہر سال ایسی 5 گھڑیاں تیار کی جاتی ہیں اور اس کا ڈائل ایک شہاب ثاقب سے تیار کیا جاتا ہے جس کا ڈیزائن کہکشاں جیسا ہوتا ہے جبکہ اس پر 24 قیراط سونے کے پتے موجود ہیں۔
اس کا اسٹریپ مگرمچھ کی کھال سے تیار کیا جاتا ہے۔
اس گھڑی کی واضح قیمت تو معلوم نہیں مگر ایک تخمینے کے مطابق یہ کم از کم 2 لاکھ 60 ہزار ڈالرز (7 کروڑ 23 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلے مارک زکربرگ گھڑی پہننا پسند نہیں کرتے تھے۔
مگر مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کے دوران وہ اننت امبانی کی گھڑی سے بہت زیادہ متاثر ہوئے تھے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ 'میں کبھی گھڑی خریدنا نہیں چاہتا تھا، مگر اسے دیکھنے کے بعد مجھے لگا کہ گھڑیاں تو زبردست ہوتی ہیں'۔
مارک زکربرگ نے اپنے ملبوسات کا انداز بھی بدلا ہے اور ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے مارک زکربرگ نے کہا کہ انہوں نے اپنی نئی شرٹ کو خود ڈیزائن کیا ہے۔