Time 22 ستمبر ، 2024
کھیل

ورلڈ 6 ریڈ اسنوکر: پاکستان کے اسجد اور اویس نے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنالی

ورلڈ 6 ریڈ اسنوکر: پاکستان کے اسجد اور اویس نے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنالی
اسجد اقبال نے اپنے گروپ کے تیننوں میچز جیت لیے، اویس منیر نے تین میں سے دو میچز جیتے— فوٹو:فائل

منگولیا کے شہر اولان باتر میں جاری ورلڈ 6 ریڈ اسنوکر میں  پاکستان کے دونوں کیوئسٹس اسجد اقبال اور اویس منیر نے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنالی۔

اسجد اقبال نے اتوار کو صبح کے سیشن میں انڈیا کے پانڈو رنگایا کو 1-4 سے شکست دی۔ پاکستانی کیوئسٹ  نے مکمل آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 32-41، 35-36، 8-75، 9-50 اور 22-35 سے شکست دی۔

شام کے سیشن میں گروپ کے آخری میں اسجد کا عراق کے علی جلیل علی سے زبردست مقابلہ ہوا، ایک موقع پر عراقی کیوئسٹ کو گیم میں 2-3 کی اور فریم میں 29 پوانٹس کی برتری حاصل تھی لیکن اسجد ایک موقع ملا اور پھر انہوں نے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔ 

علی جلیل کے خلاف اسجد کی کامیابی کا اسکور 23-39، 30-34، 0-66 ، 0-41، 1-54 ، 29-39 اور 0-63 رہا۔ 

اسجد نے آخری فریم میں اٹھاون کا بریک بھی کھیلا۔

اویس منیر نے صبح کے سیشن میں سنگاپور کے جیا جون اونگ کو 1-4 سے شکست دی۔ اویس نے پہلے دو فریم میں حریف کو ایک ریڈ بال بھی پوٹ کرنے کا موقع نہیں دیا، تیسرے فریم میں اویس بھی کوئی بال پوٹ نہ کرسکے۔ اس میچ میں ان کی کامیابی کا اسکور 0-63، 0-65 ، 0-56، 2-36 اور 26-35 رہا۔

دن کے دوسرے میچ میں اویس کو اسرائیل کے شاحار روبرگ نے 3-4 سے ہرایا۔ دونوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔

اویس منیر نے پہلا فریم 16-43 کے اسکور سے جیتا تو اسرائیلی پلیئر نے اگلے دو فریمز 12-53 اور 13-43 سے جیت کر مقابہ برابر کیا۔ چوتھے فریم میں اویس نے 64 کی بریک کھیلتے ہوئے مقابلہ برابر کیا۔ 

پانچوں فریم شاحار اور چھٹا فریم اویس جیتے یوں مقابلہ 3-3 سے برابر ہوگیا۔ فیصلہ کن فریم میں اسرائیلی کھلاڑی 10-40 کی سبقت کے ساتھ کامیاب ہوئے ، یوں اویس کو اس میچ میں 3-4 کی شکست ہوئی۔

ایونٹ میں پاکستان کے دونوں کھلاڑی ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچ گئے، ناک آؤٹ راؤنڈ پیر سے شروع ہوگا۔

مزید خبریں :