23 ستمبر ، 2024
بلوچستان پولیس کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پیپر لیک کرنے اور بلیوٹوتھ کے استعمال کے الزام میں گرفتار 8 افراد پر تھانہ کرک میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس مطابق خفیہ ادارے کی اطلاع پر نجی ہاسٹل سے 8 افراد گرفتار کئے گئے تھے، گرفتار آٹھوں افراد کے خلاف مقدمے میں دھوکہ دہی فراڈ سمیت مختلف دفعات شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق گرفتار ملزمان سے موبائل اور نقل کے ڈیوائسز قبضہ میں لیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) میں مبینہ طور پر خفیہ بلوٹوتھ ڈیوائسز استعمال کرنے کے الزام میں 8 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کرک سے بلوچستان میں ایم ڈی کیٹ بلوٹوتھ سے ٹیسٹ حل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، ملزمان نے امیدواروں کو بلوچستان میں رجسٹرڈ ہونے کا کہا تھا، کرک کے رہائشیوں نے ایم ڈی کیٹ کیلئے خود کو بلوچستان میں رجسٹرڈ کروایا۔
گزشتہ سال کے پی میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ بلوٹوتھ اسکینڈل کے باعث دوبارہ منعقد کرایا گیا تھا، گزشتہ سال ایم ڈی کیٹ بلوٹوتھ اسکینڈل میں کرک سے ظفر گینگ کے افراد گرفتار ہوئے تھے۔
دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی ترجمان نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ملک بھر میں شفاف طریقے سے منعقد ہوا، تمام صوبوں کو سکیورٹی پر خاص توجہ دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بلوٹوتھ ڈیوائسز استعمال کرنے کی کوشش کی گئی ہو تو ٹیسٹ سے قبل ہی گرفتار ہوئے ہوں گے، امیدواروں کو مکمل تلاشی لینے کے بعد ہی امتحانی مرکز میں چھوڑا جا رہا تھا۔