19 فروری ، 2013
کوئٹہ…سانحہ کوئٹہ کے خلاف اور ہزارہ برادری سے یکجہتی کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کا سلسلہ رات بھرجاری رہا۔آج بھی کئی علاقوں میں دھرنے دیے جارہے ہیں، کراچی میں ایم اے جناح روڈ، ملیر 15اور کلفٹن میں تین تلوار پر دھرنا دیا گیا، حیدرآباد بائی پاس پر پیر کی صبح مجلس وحدت مسلمین،شیعہ علما کونسل اور دیگر تنظیموں کی جانب سے دیا گیا دھرنا اب بھی جاری ہے۔دھرنے میں خواتین بھی شریک ہیں، دادو میں سندھ بلوچستان شاہراہ پر کئی گھنٹوں سے جاری دھرنے کی وجہ سے ٹریفک بھی معطل ہے۔ ملتان میں نواں شہر چوک اور مظفر گڑھ ملتان شاہراہ پربھی گزشتہ روزسے دھرنا جاری ہے، شرکا کا مطالبہ ہے کہ سانحہ کوئٹہ کے ذمے داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ پشاور میں امامیہ رابطہ کونسل کی کال پرمحلہ مروی ہا سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں خواتین اور بچے بھی شریک تھے، ریلی قصہ خوانی بازار پہنچ کر ختم ہوئی جہاں علامتی دھرنا دیا گیا جو تقریبا تین گھنٹے تک جاری رہا۔