Time 23 ستمبر ، 2024
پاکستان

کرم تصادم: پارہ چنار کی آبادی محصور ہوگئی، وزیراعلیٰ نے کشیدگی کا نوٹس لے لیا

کرم تصادم: پارہ چنار کی آبادی محصور ہوگئی، وزیراعلیٰ نے کشیدگی کا نوٹس لے لیا
بوشہرہ اور احمد زئی قبائل کے درمیان مورچوں کی تعمیرپر جھڑپ دیگرعلاقوں تک پھیل گئی ہے/ فائل فوٹو 

پشاور: کرم میں قبائلی تصادم کے بعد صورتحال بدستور کشیدہ ہے جس کا وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے نوٹس لے لیا۔

جیونیوز کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے تصادم کے بعد ضلع کرم میں آج بھی صورتحال کشیدہ ہے اور ضلع کے مختلف علاقوں میں قبائل کے مابین فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ بوشہرہ اور احمد زئی قبائل کے درمیان مورچوں کی تعمیرپر جھڑپ دیگرعلاقوں تک پھیل گئی ہے جس کے باعث آمدورفت کے راستے بند ہیں اور پاراچنار کو ملک سے ملانے والی واحد شاہراہ بند ہونے سے آبادی محصور ہے۔

مقامی نمائدوں اور عمائدین کا کہنا ہے کہ قیام امن کےلیے اقدامات کیےجائیں ورنہ احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔

ڈی سی کرم نے کہا کہ جرگہ اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا  نے کرم میں امن و امان کی صورتحال کا نوٹس لیا جس کے بعد  محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے کوہاٹ کےکمشنر اور آر پی او کو اس حوالےسے مراسلہ جاری کیا ہے۔ 

محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ  ایک سال سے کرم میں امن وامان کے مسائل جنم لے رہے ہیں، کرم کے مسئلے مستقل بنیادوں پر حل نہیں ہو رہے، جرگوں اور  اداروں کی کارروائیوں سے مسائل وقتی طور پر حل کئےجارہے ہیں۔ 

محکمہ داخلہ نے مسئلے کے پر امن حل کے لیے فوری طور پر جرگہ منعقد کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عمائدین، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، بلدیاتی نمائندوں کا جرگہ بلایا جائے، فریقین کے مطالبات اور تنازعات کے مستقل حل کے لیے صوبائی حکومت کو تجاویز پیش کی جائیں۔ 

واضح رہے  کہ ضلع کرم میں گزشتہ روز شروع ہونے والے حالیہ تصادم میں اب تک 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ متعدد افراد بھی ہوئے ہیں۔ 

مزید خبریں :