19 فروری ، 2013
اسلام آباد…الیکشن کمیشن آف پاکستان کااجلاس آج ہوگا جس میں کاغذات نامزدگی سے متعلق اہم تجاویزپیش کی جائیں گی، جبکہ پارلیمانی کمیٹی نے انتخابی اصلاحات سے متعلق سفارشات کی منظوری دے دی، رپورٹ آج پارلیمنٹ کے اجلاس میں پیش ہوگی۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق کاغذات نامزدگی میں یوٹیلیٹی بلز سے متعلق خانہ متعارف کرانے اور کاغذات نامزدگی کو کتابچے کی شکل دینے کی تجاویزبھی شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن ذرائع کاکہنا ہے کہ ان تجاویز پر عمل کی صورت میں امیدوار کاغذات نامزدگی میں کئی دستاویزات خود فراہم کرے گا، جس سے چھان بین میں سہولت ہوجائے گی۔ دوسری جانب پارلیمانی کمیٹی نے انتخابی اصلاحات سے متعلق سفارشات کی منظوری دے دی ہے، جن میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی مدت 7 روزسے بڑھاکر 14 روز مقرر کی گئی ہے۔ قومی اسمبلی کے امیدوار کے لیے زر ضمانت 8 ہزار روپے جبکہ صوبائی اسمبلی کے امیدوار کے لیے زرضمانت 4 ہزار روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ آج پارلیمنٹ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔