19 فروری ، 2013
کراچی…شیعہ علماء کونسل کی اپیل پر کراچی میں جاری دھرنے کے باعث اندرون ملک ٹرینوں کی روانگی معطل رہی اور کراچی سے جانے والی ایک کے سواتمام ٹرینوں کی روانگی منسوخ کر دی گئی۔ پیر کو ریلوے لائن پر دھرنے کی وجہ سے اندرون ملک سے آنے والی ٹرینیں کینٹ اور سٹی اسٹیشن نہیں پہنچ سکیں، تمام ٹرینوں کو لانڈھی اسٹیشن تک لایا گیا جبکہ کراچی سے جانے والی شالیمار ایکسپریس، عوام ایکسپریس، ہزارہ ایکسپریس، تیزگام ، ملت ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، نائٹ کوچ کراچی ایکسپریس، خیبر میل اور سکھر ایکسپریس کی روانگی منسوخ کر دی گئی اور صرف خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو لانڈھی اسٹیشن سے روانہ کیا گیا۔ اس صورتحال میں ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ریلوے حکام کے مطابق جب تک ریلوے لائن پر دھرنا ختم نہیں ہوتا ٹرین سروس بحال نہیں ہو سکتی۔