19 فروری ، 2013
کراچی…چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم نے کہا ہے کہ کراچی کے حالات تشویشناک ہیں شہر میں امن وامان سے متعلق پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رپورٹ طلب کی جائے گی ۔سندھ ہائی کورٹ کے مستقل کئے گئے تین ججوں جن میں جسٹس ناصر شیخ ، جسٹس ندیم اختر، اور جسٹس محمد شفیع صدیقی شامل تھے سے حلف لینے کے بعد چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ ایک دو روز میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت دیگر متعلقہ حکام پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائیگا۔قبل ازیں سندھ ہائی کورٹ کے مستقل کئے گئے تینوں ججز جسٹس ناصر شیخ ، جسٹس ندیم اختر، اور جسٹس محمد شفیع صدیقی نے حلف اٹھالیا۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے نئے مستقل کئے گئے ججز سے حلف لیا۔تقریب حلف برداری میں سندھ ہائیکورٹ کے ججز اور سندھ ہائیکورٹ بار کے عہدیداروں اور وکلاء نے شرکت کی۔